سرکارِ عالی وقار صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا پسینۂ خوشبودار:
اُمُّ المؤمنین حضرت سیِّدَتُناعائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں:''اس ذات کی قسم جس نے حضرت سیِّدُنا محمد ِمصطفی صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کو حق کے ساتھ مبعوث فرمایا! گھر میں کسی کوبولنے کی تاب نہ تھی اور اس کلام کی عظمت کے پیشِ نظر کوئی مَردوں کو بھی نہ بلا سکتا تھا۔ ہم سب سہمے ہوئے اور خوف زدہ تھے ۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں: ''پھر میں اُٹھ کر آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی خدمت میں حاضر ہوئی حتی کہ آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا سرِانور اپنی چھاتی کے ساتھ لگایا،آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کے سینۂ مبارکہ کو تھام لیا، آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم پر بے ہوشی طاری ہوگئی یہاں تک کہ غالب آگئی ۔اور آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی پیشانی سے اس قدر پسینہ ٹپکتا تھا کہ میں نے کبھی کسی انسان سے اس قدر نہیں دیکھا۔ میں وہ پسینہ پونچھتی جاتی تھی اور اس سے زیادہ خوشبودارچیز میں نے کبھی نہیں دیکھی۔ جب آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کو اِفاقہ ہوا تو میں نے عرض کی :''میرے ماں باپ، جان ومال اوراہل آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم پر قربان! آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کی پیشانی پر اس قدر پسینہ کیوں ہے؟'' ارشاد فرمایا: ''اے عائشہ! مؤمن کی جان پسینے کے ذریعے نکلتی ہے اور کافر کی جان گدھے کی طرح اس کی باچھوں سے نکلتی ہے۔'' اس وقت ہم ڈر گئے اور اپنے گھر کسی کو بھیجا۔ سب سے پہلے میرے بھائی تشریف لائے لیکن وہ آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم سے ملاقات نہ کر سکے۔ اُنہیں میرے والد ِ ماجد (حضرت سیِّدُناابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ) نے میرے پاس بھیجاتھا اور کسی شخص کے آنے سے پہلے ہی آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے اپنی جان جانِ آفریں کے سپرد کر دی اور اللہ عَزَّوَجَلَّ نے سب کو روک رکھا تھاکیونکہ اس نے آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کامعاملہ حضرات جبرائیل ومیکائیل واسرافیل علیہم السلام کے سپرد کررکھا تھا۔ جب آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم پر بے ہوشی طاری ہوئی تو ارشاد فرمایا:''اَلرَّفِیقَ الْاَعْلٰی یعنی رفیقِ اعلیٰ عَزَّوَجَلَّ کے پاس جانا ہے۔''
(احیاء علوم الدین،کتاب ذکرالموت ومابعدہ،الباب الرابع فی وفاۃ رسول اللہ۔۔۔۔۔۔الخ،ج۵،ص۲۲0/۲۲۱)
سرکارِ عالی وقار صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا پسینۂ خوشبودار: Sarkar-e-Aali Waqar Ka Paseena Khushboodar |
0 Comments
Please do not enter any spam link in the comment box.